کرکٹکھیل

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹی20 کے گروپ میچ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ بھارت کی طرف سے دیے گئے 137 رنز کے ہدف کو پاکستان نے صرف 14 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان اے ٹیم کے کپتان محمد عرفان خان نیازی نے میچ کے بعد کہا کہ پریشر میں کھیلنا ہر کھلاڑی کے لیے ضروری ہے، کیونکہ یہی کھلاڑی بڑے اسٹار بنتے ہیں اور بہترین اننگز کھیلتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم پہلے سے پلان کے مطابق پُراعتماد انداز میں کھیل رہی تھی، جس کی وجہ سے میچ جلد ختم ہو گیا۔
کپتان نے بھارت ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ٹیم بھی مضبوط ہے اور ان میں کچھ بہترین پرفارمر موجود ہیں۔ پاک بھارت ٹیموں کے درمیان ہاتھ نہ ملانے کے تنازع پر محمد عرفان خان نے کہا کہ یہ کوئی اہم بات نہیں، اگر کوئی ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تو وہ نہ ملائے، تعلقات پہلے جیسے نہیں رہے مگر کھیل کا رویہ برقرار ہے۔
پاکستانی اوپنر معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ معاذ صداقت کو آل راؤنڈر پرفارمنس کے لیے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے 2 وکٹیں بھی حاصل کیں اور ناٹ آؤٹ رہے۔
بولنگ میں پاکستان کی طرف سے شاہد عزیز نے 3 جبکہ سعد مسعود اور معاذ صداقت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان محمد عرفان خان نے بتایا کہ ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور ڈریسنگ روم کا ماحول بہت دوستانہ اور پُر اعتماد ہے۔
پاکستان شاہینز کی یہ شاندار فتح سیمی فائنل کی راہ ہموار کرتی ہے اور ٹیم کے کھلاڑیوں کی پرفارمنس نے شائقین کو خوش کر دیا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button