لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے خلاف ون ڈے ہوم سیریز کے پہلے میچ میں بابر اعظم نے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ہسارنگا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ویرات کوہلی کے ایک منفی ریکارڈ میں شریک ہو گئے ہیں۔
بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنائے ہوئے 83 اننگز ہو چکی ہیں، جب کہ ویرات کوہلی نے بھی 2023 میں 83 اننگز کے بعد اپنی سنچری مکمل کی تھی۔
سری لنکن ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ اور ماضی کے جارحانہ بلے باز سنتھ جے سوریا اس فہرست میں سرفہرست ہیں، جنہوں نے 88 اننگز کے طویل انتظار کے بعد سنچری اسکور کی تھی۔
اسی طرح ویسٹ انڈیز کے سابق اسٹار شیونارائن چندرپال کو بھی اپنی سنچری کے لیے 78 اننگز تک انتظار کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے اپنی آخری انٹرنیشنل سنچری 2023 کے ایشیا کپ میں نیپال کے خلاف اسکور کی تھی۔






