ویب ڈیسک: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی ابتدائی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں بلکہ اراضی کے تنازع یا علاقائی عناد کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق، واقعہ لوئر دیر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے نسیم شاہ کے حجرے پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فاسٹ بولر کے والد کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ نسیم شاہ کے والد نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی یا تنازع نہیں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے وقت نسیم شاہ گھر پر موجود نہیں تھے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او لوئر دیر نے نسیم شاہ کے والد سے ملاقات کے دوران ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔






