کرکٹکھیل

بابر اعظم نئے ریکارڈز کے قریب، لیجنڈز سے آگے نکلنے کا سنہری موقع

لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری بلے باز بابر اعظم کے پاس ون ڈے سیریز میں کئی نئے ریکارڈز اپنے نام کرنے اور دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ناموں سے آگے نکلنے کا سنہری موقع ہے۔

طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم رہنے والے بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے جارحانہ 68 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جس کے بعد شائقینِ کرکٹ کو ان سے ایک بار پھر بڑے اسکور کی امیدیں ہیں۔

بابر اعظم اب تک 134 ون ڈے میچز کی 131 اننگز میں 19 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اگر وہ اس سیریز میں مزید دو سنچریاں بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور کا 20 ون ڈے سنچریز کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

ایسا کرنے سے بابر اعظم نہ صرف سعید انور سے آگے نکل جائیں گے بلکہ عالمی سطح پر برائن لارا، مہیلا جے وردھنے اور جو روٹ جیسے لیجنڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے جن کی ون ڈے سنچریز کی تعداد 19 ہے۔

مزید برآں، بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 41 رنز درکار ہیں۔ اس سنگ میل کو عبور کرتے ہی وہ پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز بنانے والے پانچویں بلے باز بن جائیں گے۔

اگر بابر اعظم اس سیریز میں نصف سنچری سے زائد اسکور بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے۔

شائقینِ کرکٹ کو اُمید ہے کہ بابر اعظم اپنی بہترین فارم بحال رکھتے ہوئے ایک بار پھر قومی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button