کرکٹکھیل

پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز جیت لی، ورلڈ کپ کے لیے حوصلے بلند

کراچی (اسپورٹس ڈیسک):
ورلڈ کپ کی تیاری کے دوران پاکستانی ٹیم کے حوصلے پھر بلند ہو گئے ہیں، کیونکہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں فتح نے گرین شرٹس کے اعتماد میں اضافہ کر دیا ہے۔

تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر مختصر فارمیٹ کی سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی میں بابراعظم نے 68 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ ان کی فارم میں واپسی سے بیٹنگ لائن کی تشویش کافی حد تک کم ہو گئی ہے۔

کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، "کھیل کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔ ہماری ٹیم وہی ہے جو کم بیک کرنا جانتی ہے، ہم نے 1-0 کے خسارے سے واپس آ کر سیریز جیتی۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کو ورلڈ کپ تک اپنی کارکردگی میں تسلسل قائم رکھنا ہوگا۔

سینیئر بیٹر بابراعظم نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے اچھی اننگز کی تلاش میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے شائقین کی حمایت نے ان پر اعتماد بڑھایا، اور ٹیم کی حکمت عملی کے مطابق کریز پر طویل قیام کر کے پارٹنرشپ بنانے کی کوشش کامیاب رہی۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی اپنی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے بیٹنگ، بولنگ یا فیلڈنگ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹر کے زاویے سے سوچنا ان کی بولنگ میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اور ٹیم کی خاطر ہر شعبے میں بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

یہ فتح پاکستان کے لیے نہ صرف سیریز کی جیت کا سبب بنی بلکہ فروری میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button