سعودی عرب کا ’اسکائی اسٹیڈیم‘ منصوبہ جعلی قرار، وائرل ویڈیو مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ نکلی
ریاض — 1 نومبر 2025: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سعودی عرب کے مبینہ ’اسکائی اسٹیڈیم‘ کی ویڈیو جعلی نکلی۔ عرب میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی تھی اور اس کا سعودی حکومت کے کسی سرکاری منصوبے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
رپورٹس کے مطابق ویڈیو کو دنیا بھر میں 5 کروڑ سے زائد بار دیکھا گیا اور کئی صارفین نے اسے 2034ء کے فٹبال ورلڈ کپ کے لیے سعودی عرب کے اسٹیڈیم ڈیزائن کے طور پر پیش کیا۔
تاہم ویڈیو تیار کرنے والے شخص نے میڈیا سے گفتگو میں وضاحت کی کہ یہ محض ایک تخیلاتی اے آئی تصور (AI concept) ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے سعودی عرب کے کسی حقیقی منصوبے یا سرکاری پروگرام کے بارے میں کوئی علم نہیں۔
دوسری جانب سعودی حکام نے بھی واضح کیا ہے کہ وائرل ویڈیو کا سعودی نیوم سٹی یا کسی سرکاری ورلڈ کپ منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت 2034ء فٹبال ورلڈ کپ کے لیے 15 جدید ترین (اسٹیٹ آف دی آرٹ) اسٹیڈیمز تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان میں سے ایک اسٹیڈیم نیوم میگا سٹی میں کلاؤڈ اسٹڈیم کے نام سے تعمیر کیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حقیقی منصوبہ زمین سے 350 میٹر (1150 فٹ) کی بلندی پر واقع ہوگا، جس میں 46 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اسے سولر اور ونڈ پاور سے بجلی فراہم کی جائے گی۔
کلاؤڈ اسٹڈیم کی تعمیر کا آغاز 2027ء میں متوقع ہے اور منصوبہ 2032ء تک مکمل کیا جائے گا۔






