لاہور (اسپورٹس ڈیسک) — پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر حارث رؤف نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی موقع ملا، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی ضرور کریں گے۔
کرکٹ پاکستان کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں حارث رؤف نے اس تاثر کی نفی کی کہ وہ صرف محدود اوورز کے فارمیٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا:
"اگر آپ چار روزہ میچز کھیل کر خود کو تیار کریں تو ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیلی جا سکتی ہے، یہ کہنا درست نہیں کہ میں ٹیسٹ سے گریز کرتا ہوں۔”
انہوں نے وضاحت کی کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دوران فرسٹ کلاس میچز کھیلنا ممکن نہیں ہوتا، لیکن جب بھی وقت میسر آئے، وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ضرور شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقہ کی سیریز سے واپسی کے بعد انہوں نے دو فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلے تاکہ فارم اور فٹنس برقرار رہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لیگ ہر کھلاڑی کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
"میدان سے باہر ہماری دوستی ضرور ہوتی ہے، لیکن فیلڈ میں ہر کوئی اپنی فرنچائز اور عزت کے لیے دل و جان سے کھیلتا ہے،” انہوں نے کہا۔
حارث رؤف نے جدید کرکٹ کے اس رجحان کا ذکر کیا جس میں ہر میچ میں 200 کے قریب رنز بننا معمول بن گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"شائقین بھی تفریح چاہتے ہیں، اس لیے ہم بطور بولر اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کرتے ہیں، اگرچہ ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا۔”
لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف نے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
"ہم سب ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں، یہی کامیابی کی بنیاد ہے۔”
ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
"حقیقی زندگی میں میں جارح مزاج نہیں، میری کوشش یہی ہوتی ہے کہ میدان میں اپنا کام کروں اور باہر ایک عام انسان کی طرح زندگی گزاروں۔ کرکٹ میرے دن کے صرف 2 گھنٹے ہیں، باقی 22 گھنٹے میری ذاتی زندگی کے لیے ہوتے ہیں۔”






