خبر:
گوہاٹی: جنوبی افریقا نے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 125 رنز سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی اور پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کی۔
میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 319 رنز بنائے۔ کپتان لورا وولوارٹ نے 143 گیندوں پر 169 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی، جس میں 20 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ مزید نمایاں بلے باز تزمین برٹس نے 45 اور مریزان کیپ نے 42 رنز بنائے۔ شل ٹائرون 33 اور ناڈین ڈی کلرک 11 رنز پر ناقابل شکست رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے صوفی ایکلیسٹون نے 4 اور لورین بیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں انگلینڈ ٹیم 42.3 اوورز میں 194 رنز تک محدود رہی۔ ٹاپ تھری بیٹرز ایمی جونز، ٹیمی بیومونٹ اور ہیتھر نائٹ صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ کچھ مزاحمت نیٹ اسکویر برنٹ 64 اور ایلیس کیپسی 50 رنز کے ساتھ دکھائی دی، جبکہ ڈینی ویاٹ ہوج 34 اور لنزے اسمتھ 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
جنوبی افریقا کی مریزان کیپ نے 5 وکٹیں حاصل کر کے انگلش بیٹنگ لائن کو تباہ کیا، جب کہ ناڈین ڈی کلرک نے 2 اور آیابونگا خاکا، ملابا اور سون لوس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسرا سیمی فائنل آج دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور میزبان بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔
اب تک منعقدہ 12 ایڈیشنز میں سے آسٹریلیا 7، انگلینڈ 4 اور نیوزی لینڈ ایک بار چیمپئن بن چکی ہے، جبکہ افریقی ٹیم پہلی بار ٹرافی جیت کر نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔






