پاکستان ہاکی ٹیم پرو لیگ کی تیاریوں کے لیے اسپین روانہ ہوگی
لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم پرو ہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلے میں آئندہ ماہ اسپین کا دورہ کرے گی۔ ذرائع کے مطابق بارسلونا میں پاکستان اور اسپین کے درمیان دو میچز 29 اور 30 نومبر کو شیڈول ہیں۔
پاکستانی ٹیم بنگلا دیش کے دورے کے اختتام پر 26 نومبر کو بارسلونا روانہ ہوگی۔ پرو ہاکی لیگ کے پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم ارجنٹائن کا دورہ کرے گی، جہاں ارجنٹائن اور ہالینڈ کے خلاف میچز 10 سے 15 دسمبر تک کھیلے جائیں گے۔
پرو لیگ کا دوسرا مرحلہ فروری میں آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہوگا، جہاں گرین شرٹس کا مقابلہ آسٹریلیا اور جرمنی سے ہوگا۔
مزید شیڈول کے مطابق، جون کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کا مقابلہ بیلجیم اور اسپین سے بیلجیم میں ہوگا، جبکہ جون کے آخری ہفتے میں لندن میں انگلینڈ اور بھارت سے اہم میچز طے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 اور 25 جون کو آمنے سامنے ہوں گی۔
پرو لیگ سے قبل پاکستان ٹیم بنگلا دیش کا دورہ بھی کرے گی، جہاں 13، 14 اور 16 اکتوبر کو ڈھاکا میں تین میچز ہوں گے۔
اس سیریز کی فاتح ٹیم ورلڈکپ کوالیفائر کھیلنے کی حقدار ہوگی، جو فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش سیریز کے بعد ورلڈکپ کوالیفائر کا شیڈول اور مقام طے کیا جائے گا۔






