جنوبی کوریا – پاکستان کے نامور جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کر دیا۔ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم نے شاندار 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
سنسنی خیز مقابلے میں ارشد ندیم نے آخری باری میں فیصلہ کن تھرو کی، جس نے نہ صرف انہیں سونے کا تمغہ دلایا بلکہ ایک بار پھر ان کی عالمی سطح پر مہارت کا لوہا منوایا۔ بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔
ارشد ندیم کے ساتھ پاکستان کے یاسر سلطان نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اپنی پہلی تھرو میں 70.53 میٹر جبکہ دوسری کوشش میں 75.39 میٹر کی تھرو کی۔
مقابلے سے قبل ارشد ندیم کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ "پورا ملک ارشد کے لیے دعاگو ہے، وہ پہلے بھی میڈل جیت چکا ہے اور اس بار بھی جیتے گا۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ ارشد کا ہدف ہے کہ ایک اچھے کوچ کے ساتھ تربیت حاصل کر کے 100 میٹر کی تھرو کا خواب پورا کیا جائے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ارشد ندیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے دوران 86.34 میٹر کی تھرو کی تھی، جو اس بات کی گواہی تھی کہ وہ گولڈ میڈل کے مضبوط امیدوار ہیں۔
🥇 ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے!
پاکستانی عوام اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات ارشد ندیم کی اس شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف ارشد کے لیے ایک سنگِ میل ہے بلکہ پاکستان کے کھیلوں کے میدان میں ایک روشن مثال بھی ہے۔






