سڈنی: (اسپورٹس ڈیسک) بھارت کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف سنچری مکمل کی بلکہ اپنی فارم پر اٹھنے والی تمام چہ مگوئیوں کو بھی ختم کر دیا۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 237 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بھارت کے کپتان اور اوپنر شبمن گل بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، تاہم روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ذمہ دارانہ شراکت داری کے ساتھ ٹیم کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔
روہت شرما نے 33ویں اوور میں ایڈم زیمپا کی آخری گیند پر اپنی 33ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی 50ویں سنچری بھی ہے۔ اس اننگ کے ساتھ وہ آسٹریلیا میں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیرملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے آسٹریلیا میں 5 سنچریاں بنائی تھیں۔
روہت کی یہ اننگ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں ان کی نویں سنچری تھی۔
سیریز کے پہلے میچ میں صرف 8 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد ان کے مستقبل سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہو گئے تھے، تاہم ایڈیلیڈ میں دوسرے میچ میں 73 رنز بنا کر انہوں نے شاندار واپسی کی تھی، اور اب تیسرے میچ میں سنچری کے ساتھ اپنی فارم ثابت کر دی۔
دوسری جانب، ویرات کوہلی نے بھی آخری ون ڈے میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 74 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی اور اپنی فارم دوبارہ حاصل کر لی۔






