سڈنی: (اسپورٹس ڈیسک) بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران کوہلی نے 81 گیندوں پر 74 رنز کی شاندار اور میچ وننگ اننگ کھیلی۔ اس اننگ کے ساتھ ہی وہ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
ویرات کوہلی اب تک 305 میچوں میں 14,255 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 75 نصف سنچریاں اور 51 سنچریاں شامل ہیں، جبکہ ان کی بیٹنگ اوسط 57.71 ہے۔
دوسری جانب، سابق سری لنکن اسٹار کمار سنگاکارا اب اس فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جنہوں نے 404 میچوں میں 14,234 رنز اسکور کیے تھے، جن میں 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل ہیں۔
کوہلی سے آگے صرف سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر موجود ہیں، جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 18,426 رنز بنا کر اب تک کا ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔






