ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے خواتین کھلاڑیوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے اور تربیتی کیمپ میں بہترین سہولتیں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائم حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا اور جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین نے تربیت فراہم کرنے والے کوچز اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھائے۔
انہوں نے تربیت کی نوعیت کے بارے میں استفسار کیا اور کھلاڑیوں کو کہا کہ وہ اپنے اندر جذبے اور عزم پیدا کریں کیونکہ بھرپور محنت کامیابی کی کنجی ہے۔ محسن نقوی نے زور دیا کہ عالمی ویمن کرکٹ ٹورنامنٹ کو سامنے رکھ کر عملی مشقیں، فزیکل فٹنس اور تکنیکی تربیت پر بھرپور توجہ دی جائے، تاکہ کھلاڑی جسمانی طور پر مکمل طور پر فٹ رہیں۔
کیمپ کے دوران ہیڈ کوچ وہاب ریاض، عبدالرحمان، عمران فرحت اور دیگر کوچز موجود تھے اور انہوں نے چیئرمین کو تربیتی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ کیمپ میں قومی ویمن ون ڈے ٹورنامنٹ کی نمایاں 36 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے، اور 10 فروری سے یکم مارچ تک جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
کیمپ میں شامل کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، انعم امین، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، دعا ماجد، ایمن فاطمہ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، گل رخ، حفصہ خالد، حمنہ بلال، حورینہ سجاد، لبنیٰ بہرام، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجہیہ علوی، نشرح سندھو، نتالیہ پرویز، نیہا شرمیم، نورین یعقوب، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، ردا اسلم، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، سیدہ معصومہ زہرا، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور یسریٰ عامر شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں اور کوچز کو یقین دلایا کہ زیر تربیت کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق پرفارم کر سکیں۔






