لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے قانونی نوٹس کے باوجود پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی جانب سے بورڈ پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر متعدد پیغامات میں پی سی بی کی کارکردگی اور فرنچائزز کو واجبات کی عدم ادائیگی پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ
“کوئی انہیں یاد دلائے جو بہت اہم اور ضروری پوڈکاسٹ مواد تیار کر رہے ہیں کہ فرنچائزز کو پی ایس ایل 9 اور پی ایس ایل 10 کی مکمل رقم ابھی تک نہیں ملی۔”
علی ترین نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ
“مواد تو زبردست ہے، لیکن پہلے اپنے واجبات ادا کریں، پھر خود کا انٹرویو لیں۔”
ملتان سلطانز کے مالک نے اپنے مؤقف کے حق میں پی ایس ایل 9 کے ویورشپ چارٹ بھی جاری کیے، جن کے مطابق گزشتہ سال ملتان سلطانز سب سے زیادہ دیکھے جانے والی ٹیم رہی۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 9 کے دوران فی میچ 9.2 ملین ویوز کی اوسط رہی، جو دیگر ٹیموں سے نمایاں طور پر زیادہ تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاید پی سی بی کو ان اعدادوشمار سے کوئی فرق نہیں پڑتا، “لیکن حقیقت یہ ہے کہ فرنچائزز نے اپنی محنت اور شائقین کی حمایت سے لیگ کو کامیاب بنایا۔”
دوسری جانب پی سی بی ذرائع کے مطابق علی ترین کے بیانات غیر ضروری تنازع پیدا کر رہے ہیں، اور بورڈ جلد مالی معاملات سے متعلق تفصیلی وضاحت جاری کرے گا۔






