پی ٹی اے اور میٹا کا آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے لیے مشترکہ آگاہی مہم کا آغاز
اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، عالمی سوشل میڈیا کمپنی میٹا، اور تعلیمی پلیٹ فارم EYEYAH نے پاکستان میں آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے لیے ایک نئی سوشل آگاہی مہم ’’کیا یہ اصلی ہے؟‘‘ (Is it Real?) کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ انٹرایکٹو آن لائن مہم پاکستان سمیت دنیا کے 15 سے زائد ممالک میں چلائی جا رہی ہے جس کا مقصد صارفین کو محفوظ اور باخبر ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنا ہے۔ مہم کے ذریعے عوام کو آن لائن دھوکہ دہی کے سات عام طریقوں سے آگاہ کیا جا رہا ہے، جن میں رومانوی فراڈ، جعلی آن لائن خریداری، نقالی (Impersonation)، جعلی سرمایہ کاری، جعلی نوکریوں کی پیشکش، اکاؤنٹ ہیکنگ اور فراڈ پر مبنی پیغامات شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ "پی ٹی اے ایک محفوظ، باشعور اور بااعتماد ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ یہ مہم صارفین میں ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے اور انہیں دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔”
میٹا کی ہیڈ آف پاکستان پبلک پالیسی دانیا مختار نے کہا کہ "ہم پاکستان میں اپنی آن لائن کمیونٹی کے تحفظ کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ اگرچہ ہم مستقل طور پر اپنے پلیٹ فارمز سے فراڈیوں کو ہٹانے کے لیے اقدامات کرتے ہیں، لیکن یہ افراد مسلسل اپنے طریقے تبدیل کرتے ہیں اور کئی پلیٹ فارمز کو بیک وقت نشانہ بناتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم سمجھتے ہیں کہ آگاہی اور تعلیم ہی صارفین کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہیں۔ اسی لیے اس مہم کے ذریعے ہم پاکستانی عوام کو دھوکہ دہی کی علامات کو ایک دلچسپ اور انٹرایکٹو انداز میں پہچاننے میں مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔”
یہ اقدام پاکستان میں آن لائن تحفظ کے فروغ اور صارفین کو باخبر بنانے کی ایک اہم کوشش ہے، جو ملک میں ڈیجیٹل ماحول کو مزید محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔