وزیراعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال اور پاک افغان مذاکرات پر تبادلہ خیال
لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پاکستان و افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کو پاک افغان مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے حکومتی کوششوں سے متعلق بریفنگ دی۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، اس کی طرف کسی کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے بیٹے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن عزیز کی حفاظت کر رہے ہیں، اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
ملاقات کو ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف پارٹی کی پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے بلکہ خارجہ امور پر بھی مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔