کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ گولز کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
پرتگال کے لیجنڈ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ہنگری کے خلاف میچ میں دو گول کر کے فیفا ورلڈکپ کوالیفائرز کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ 40 سالہ اسٹار نے اب تک 41 گول کر کے گواتیمالا کے کارلوس رُوئز کا 39 گولز کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
رونالڈو نے میچ کے 22ویں منٹ میں نلسن سیمیڈو کے کراس پر پہلا گول اسکور کیا اور وقفے سے قبل نونو مینڈس کے کروس سے دوسرا گول کر کے اپنی برتری مزید مستحکم کر لی۔ اگرچہ رونالڈو کی یہ دو گولز میچ جیتنے کے لیے کافی نہ ہو سکیں، کیونکہ ہنگری کے ڈومینک سوبوسلائی نے میچ کے 91ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ 2-2 برابر کر دیا۔
رونالڈو نے اپنی اس کامیابی پر سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی میرے لیے ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے اور یہ سنگِ میل میرے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نومبر میں ورلڈ کپ کی کوالیفکیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔
پرتگال اب یورپی گروپ ایف میں 5 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ سرفہرست ہے اور 13 نومبر کو آئرلینڈ کے خلاف میچ میں ورلڈ کپ 2026 کی کوالیفکیشن یقینی بنا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ، آئیوری کوسٹ، سینیگال، جنوبی افریقہ، سعودی عرب اور قطر سمیت اب تک 28 ٹیمیں اگلے سال کے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 11 جون 2026 کو امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں شروع ہوگا۔






