کوئٹہ:
بلوچستان کی باہمت بیٹی سونیا مصطفیٰ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ فٹبال کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرتے ہوئے وہ پاکستان کی پہلی خاتون فیفا فٹبال ریفری بن گئیں۔ سونیا نے نہ صرف اپنے صوبے بلکہ پورے ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی سونیا مصطفیٰ نے 25 سال قبل بطور فٹبال پلیئر کھیل کے میدان میں قدم رکھا۔ وسائل کی کمی، سہولیات کا فقدان اور کھیل کے مواقع محدود ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے خواب کو زندہ رکھا۔ انہوں نے کبھی ہمت نہ ہاری اور فٹبال سے جڑے رہنے کا فیصلہ کیا۔
کئی سال تک بطور کھلاڑی میدان میں رہنے کے بعد، سونیا نے اپنے سفر کو ایک نئے رخ پر ڈالا اور ریفری بننے کا چیلنج قبول کیا۔ انہوں نے لاہور میں فیفا کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ پاس کر کے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر کی خواتین کے لیے ایک نئی راہ ہموار کی۔
آج سونیا مصطفیٰ نیشنل لیول پر بوائز اور گرلز فٹبال میچز میں بطور ریفری فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں خواتین کھلاڑیوں کے لیے حالات پہلے سے بہتر ضرور ہوئے ہیں، تاہم بنیادی سہولیات کی کمی اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔
سونیا کا فٹبال پلیئر سے فیفا ریفری تک کا سفر نہایت مشکل مگر متاثر کن رہا۔ ان کا عزم، حوصلہ اور مسلسل محنت آج بلوچستان اور پاکستان کی نئی نسل کے لیے ایک مثالی روشن راستہ ہے۔






