فیفا ورلڈکپ کوالیفائر: اٹلی نے اسرائیل کو 0-3 سے شکست دے کر باہر کر دیا
روم: فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوالیفائنگ میچ میں اٹلی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو 0-3 سے شکست دے دی، جس کے بعد اسرائیل کی عالمی کپ میں شرکت کے امکانات ختم ہو گئے۔
میچ کے دوران اطالوی ٹیم مکمل طور پر کھیل پر حاوی رہی اور تین واضح گول کرتے ہوئے اسرائیلی دفاع کو بے بس کر دیا۔
احتجاج اور سیاسی تناؤ:
میچ سے قبل اسرائیلی ٹیم کی آمد پر اٹلی میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا۔ مظاہرین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور نسل کشی کے خلاف آواز بلند کی۔ اس دوران کئی مقامات پر مظاہروں کا انعقاد کیا گیا جہاں فلسطینی پرچم بھی لہرائے گئے۔
اطالوی پولیس نے میچ سے قبل اور دوران سیکیورٹی کو سخت بناتے ہوئے اسرائیل مخالف مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، اور متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسپین کی بائیکاٹ کی دھمکی:
اس سے قبل اسپین نے بھی اسرائیل کی فیفا ورلڈکپ 2026 میں شرکت پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ممکنہ بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی۔ اسپین سمیت کئی دیگر ممالک میں اسرائیلی جارحیت پر شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے اثرات کھیلوں کے میدان تک پہنچ چکے ہیں۔






