لاہور (اسپورٹس ڈیسک) – پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں، جن میں عبداللّٰہ شفیق، امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ کی جانب سے دو ریگولر فاسٹ بولرز اور دو اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے بدھ کے روز دو حصوں میں لاہور پہنچی، جہاں انہیں سیکورٹی کے سخت انتظامات کے تحت ہوٹل منتقل کیا گیا۔
پاکستانی شائقین کو اس سیریز سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، خاص طور پر ہوم گراؤنڈ پر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کے لیے۔






