ویب ڈیسک: سابق فاسٹ بولر اور کوچ وقار یونس نے واضح کیا ہے کہ کسی کھلاڑی کا کیریئر ختم کرنے کا اختیار کسی کے پاس نہیں ہوتا، کیریئر تب ختم ہوتا ہے جب کھلاڑی خود محنت چھوڑ دے یا اپنی توجہ کھو بیٹھے۔
یہ بات انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گفتگو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کے کیریئر ختم کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
"صرف مشورہ دیا تھا”
وقار یونس نے کہا:
"میں نے صرف پی سی بی کو یہ مشورہ دیا تھا کہ دونوں کھلاڑی اپنی فارم بحال کرنے کے لیے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں۔ کسی کا کیریئر ختم کرنے کا اختیار کسی فرد کے پاس نہیں۔”
سابق کرکٹرز پر تنقید
انہوں نے بعض سابق کرکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ:
"آج کے سابق کھلاڑی صرف تبصرے کرتے ہیں، وہ موجودہ کرکٹرز کی رہنمائی میں دلچسپی نہیں لیتے۔ 90 کی دہائی کے کھلاڑی ایک دوسرے سے تجربات شیئر کرتے تھے، مگر آج میدان سے رشتہ کمزور ہو چکا ہے۔”
وقار یونس نے مزید کہا کہ انہیں خوش قسمتی سے کوچنگ اور اصلاحی کردار ادا کرنے کے کئی مواقع ملے۔
محمد عامر کی واپسی میں کردار
وقار یونس نے انکشاف کیا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے لیے انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق:
"میں نے کوچز، محمد حفیظ، اظہر علی اور اس وقت کے چیئرمین نجم سیٹھی کو آمادہ کیا کہ وہ عامر کو دوبارہ موقع دیں۔”






