ممبئی (شوبز/اسپورٹس ڈیسک) — بھارتی کرکٹ کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے بیٹے اور فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ارجن ٹنڈولکر کی منگنی معروف بزنس فیملی کی پوتی ثانیہ چندوک سے ہوگئی ہے۔ ثانیہ، بھارت کے معروف بزنس مین روی گھائی کی پوتی ہیں اور دونوں طویل عرصے سے قریبی دوست ہیں۔
منگنی کی سادہ مگر باوقار تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور دوستوں نے شرکت کی۔ اس خصوصی موقع کو نجی رکھا گیا اور اب تک دونوں خاندانوں کی جانب سے منگنی کی تصدیق یا تردید پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں ہوا۔
ارجن ٹنڈولکر، جو 25 سال کے ہیں، نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز ممبئی ٹیم سے 2020-21 کے سیزن میں کیا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور انڈیا انڈر 19 اسکواڈ کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔ کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ ارجن اپنی والد کی عظیم کرکٹ وراثت کو آگے بڑھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر کی فیملی کے اس خوشگوار موقع پر مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر خوب مبارکبادیں پیش کی ہیں، جبکہ دونوں خاندانوں نے میڈیا سے دوری اختیار کی ہوئی ہے۔






