ارشد ندیم کی فینز سے دعاؤں کی درخواست، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں کوالیفائنگ راؤنڈ آج
ٹوکیو: پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو اتھلیٹ ارشد ندیم کل ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں کوالیفائنگ راؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔
ورلڈ چیمپئن شپ کے جیولن تھرو فائنل کا انعقاد 18 ستمبر کو ہوگا، جس کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ سے 8 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
ارشد ندیم کی تیاریاں مکمل، فینز سے دعاؤں کی اپیل
ارشد ندیم نے مقابلے سے قبل اپنے پیغام میں کہا:
"میرے لیے دعا کریں تاکہ میں اچھا پرفارم کر سکوں اور فائنل تک رسائی حاصل کر سکوں۔”
واضح رہے کہ ارشد ندیم رواں سال جولائی میں پنڈلی کی انجری کے باعث سرجری سے گزرے اور انہیں ڈائمنڈ لیگ کے مقابلوں سے دستبردار ہونا پڑا۔ تاہم اب انہیں میڈیکل ٹیم کی جانب سے مکمل فٹنس کی کلین چٹ مل چکی ہے۔
کوچز اور فیڈریشن پرامید
پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق ارشد ندیم نے حالیہ تربیتی سیشنز میں بھرپور کارکردگی دکھائی ہے اور ان کے کوچز ان کی فارم سے مطمئن ہیں۔ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ:
"ارشد ندیم عالمی سطح پر پاکستان کے لیے شاندار نتائج دینے کے لیے تیار ہیں۔”
پاک-بھارت مقابلہ بھی متوقع
کل ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم اور بھارتی اتھلیٹ کے درمیان براہِ راست مقابلہ بھی متوقع ہے، جبکہ جرمنی کے ویبر سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ جیولن تھرور بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔






