وقاص مقصود کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر وقاص مقصود نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 37 سالہ وقاص نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وقاص مقصود نے نومبر 2018 میں دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، جس میں وہ قومی ٹیم کے لیے ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے 80 ویں کھلاڑی بنے۔ اس میچ میں انہوں نے 1.5 اوورز کرائے، 21 رنز دیے اور 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے وقاص مقصود نے 2011 سے 2023 تک کے کیریئر میں 81 فرسٹ کلاس، 56 لسٹ اے اور 68 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی نپی تلی باؤلنگ اور تجربے کی وجہ سے جانے جاتے رہے۔
وقاص مقصود کی ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے کیریئر کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔






