ہرارے – دنیائے کرکٹ میں نوجوان صلاحیتوں نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ جنوبی افریقہ کے 18 سالہ اوپنر جورچ وین شالک وک (Jorich Van Schalkwyk) نے یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل (U19 ODI) کرکٹ میں پہلی ڈبل سنچری اسکور کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ شاندار کارنامہ انہوں نے جمعہ کے روز زمبابوے کے شہر ہرارے میں جاری سہہ ملکی انڈر 19 سیریز کے افتتاحی میچ میں انجام دیا، جہاں انہوں نے صرف 153 گیندوں پر 215 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے اس یادگار اننگز میں 19 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، جس نے حریف بولنگ لائن اپ کو بے بس کر کے رکھ دیا۔
اس اننگز کے ساتھ ہی انہوں نے سری لنکا کے ہسیتھا بویاگوڈا کا 2018 میں بنایا گیا 191 رنز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، اور یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے انفرادی اسکور کا نیا سنگِ میل عبور کر لیا۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اننگز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نہ صرف ایک مثالی کارکردگی ہے بلکہ جورچ وین شالک وک کے لیے بین الاقوامی سطح پر شہرت اور مواقع کے دروازے کھولنے کا آغاز بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
انڈر 19 کرکٹ میں یہ اننگز ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور ممکنہ طور پر مستقبل کے کسی عالمی اسٹار کی جھلک بھی پیش کرتی ہے۔






