ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے پلے آف مرحلے کی تمام ٹیمیں فائنل ہو گئیں، لاہور قلندرز نے آخری لمحات میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اتوار کو راولپنڈی میں کھیلے گئے لیگ کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 26 رنز سے ہرا کر نہ صرف خود کو اگلے مرحلے میں پہنچایا بلکہ زلمی کے لیے ایونٹ کے دروازے بھی بند کر دیے۔ آندھی اور بارش کے باعث میچ 13 اوورز تک محدود کیا گیا۔
پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹوں پر 149 رنز بنائے، جس کے جواب میں زلمی کی ٹیم 123 رنز تک ہی محدود رہی۔
پلے آف میں پہنچنے والی ٹیمیں
لاہور قلندرز کی اس فتح کے بعد پی ایس ایل 10 کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی چار ٹیموں کی فہرست مکمل ہو گئی ہے:
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز
کراچی کنگز
لاہور قلندرز
اسلام آباد یونائیٹڈ
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز ایونٹ سے باہر
یہ پہلا موقع ہے جب پشاور زلمی کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ بابر اعظم کی قیادت میں کھیلنے والی زلمی کو قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔ دوسری جانب، ملتان سلطانز پہلے ہی ناک آؤٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل کی موجودہ صورتحال
پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ کراچی کنگز 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، لاہور قلندرز 11 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
فیصلہ کن معرکہ باقی
اب نظریں لیگ مرحلے کے آخری میچ پر ہیں جو پیر کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہوگا۔ اس میچ کے بعد یہ طے ہوگا کہ پلے آف مرحلے میں کون سی ٹیم کس کے مدمقابل آئے گی۔






