محمد آصف کی شاندار واپسی، آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر کے کوارٹر فائنل میں رسائی
کراچی:
پاکستان کے مایہ ناز کیوئسٹ محمد آصف نے ایک اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپئن شپ 2025 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ انہوں نے پری کوارٹر فائنل میں متحدہ عرب امارات کے محمد شہاب کو سنسنی خیز مقابلے میں 2-4 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔
میچ کا آغاز آصف کے لیے خاصا مشکل رہا، جب وہ ابتدائی دو فریمز ہار کر دباؤ کا شکار نظر آئے۔ تاہم، انہوں نے بھرپور کم بیک کرتے ہوئے لگاتار چار فریمز اپنے نام کیے اور حریف کھلاڑی کو بے بس کر دیا۔
فریم وائز اسکور:
56-68
21-72
57-21
80-00
68-45
68-58
یہ کامیابی نہ صرف محمد آصف کی فنی مہارت اور تجربے کی عکاسی کرتی ہے بلکہ پاکستان کے اسنوکر حلقوں کے لیے بھی خوشی کا باعث ہے۔ آصف کی یہ فتح عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
اب محمد آصف کوارٹر فائنل میں داخل ہو چکے ہیں، جہاں وہ ٹائٹل کے حصول کی دوڑ میں ایک مضبوط امیدوار کے طور پر میدان میں موجود ہیں۔ اس سے قبل بھی وہ دو بار آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں، اور اس بار بھی ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔






