اسلام آباد/دبئی (نمائندہ خصوصی) — پاک بھارت کرکٹ میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہ ملانے کے رویے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ معرکہ حق میں بھارت کو عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، انڈین فضائیہ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور طاقتور رافیل طیارے بھی محفوظ نہ رہ سکے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج کے ہاتھوں بھارت کو پہنچنے والے زخم سستے تماشوں سے نہیں بھرسکیں گے، اس لیے بھارتی ٹیم کا رویہ قومی جذبات کے عکاس ہے۔
دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹر اشوک سوائن نے بھارتی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف کرکٹ پر توجہ دیں اور اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کے ہاتھوں بھارتی فضائیہ کو اتنا نقصان پہنچنے کے باوجود کیا کرکٹ ٹیم کی جیت اس نقصان کا ازالہ کر سکتی ہے؟
اسی حوالے سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا کھیل کی اصل روح کے منافی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ تمام ٹیمیں اپنی فتوحات کو وقار اور خوش اسلوبی کے ساتھ منائیں گی۔
یہ ردعمل پاک بھارت تعلقات میں بڑھتے ہوئے کشیدگی اور کھیل کے میدان میں قومی سیاست کے گھلنے ملنے کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں دونوں ممالک کے عوام کھیل کو تفریح اور بھائی چارے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔






