ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی سالانہ جنرل میٹنگ کا مقام تبدیل کرنے کی بھارتی درخواست کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے واضح کیا ہے کہ یہ اجلاس 24 جولائی کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ڈھاکا میں ہی منعقد ہوگا۔
امین الاسلام نے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ بھارت کی جانب سے سیاسی کشیدگی کے باعث میٹنگ دبئی منتقل کرنے کی افواہیں بے بنیاد ہیں اور تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً تمام ممبر ممالک اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کی میٹنگ میں شرکت غیر یقینی ہے، تاہم اگر بھارتی نمائندہ ذاتی طور پر شریک نہ ہو سکا تو اسے آن لائن شرکت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ بھارت نے اے سی سی میٹنگ کے مقام کو کسی اور ملک منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، جس کے لیے اسے سری لنکا کی بھی حمایت حاصل تھی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اگر اجلاس بنگلہ دیش سے منتقل نہ کیا گیا تو بھارت ایشیا کپ سے دستبردار ہو کر اپنے ملک میں ستمبر میں ٹرائنگولر سیریز کا انعقاد کر سکتا ہے۔






