پالی کیلے: سری لنکا نے بنگلادیش کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 رنز سے شکست دے دی، اور تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔
میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے، جس میں کشال مینڈس نے شاندار 124 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان چارتھ اسالنکا نے 58 رنز کا قیمتی اضافہ کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے دو، جبکہ تنظیم حسن، تنویر اسلام اور شمیم حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 39.4 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جہاں توحید ہردوئے نے نمایاں 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کے بولرز میں اسیتھا فرنینڈو اور دشمنتھا چمیرا نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ دونیتھ ویلالاگے اور ونندو ہاسارنگا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کے ابتدائی میچز میں سری لنکا نے پہلے میچ میں 77 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں بنگلادیش نے 16 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔
قبل ازیں، سری لنکا نے بنگلادیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے شکست دی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز 10 جولائی کو پالی کیلے میں ہوگا۔






