کھیل

ومبلڈن میں گرمی نے 147 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، اونس جیبور ٹورنامنٹ سے باہر، میڈویڈوف اپ سیٹ کا شکار

لندن: ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ 2025 کے ابتدائی دن نہ صرف سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے بلکہ برطانیہ میں گرمی نے 147 سالہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس پر آل انگلینڈ کلب کو کھلاڑیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے خصوصی 10 منٹ کا کولنگ وقفہ متعارف کرانا پڑا۔

شدید موسم کی پہلی بڑی شکار تیونس کی اسٹار کھلاڑی اونس جیبور بنیں، جو گزشتہ دو سال کی فائنلسٹ رہی ہیں۔ انہوں نے بلغاریہ کی وکٹوریہ ٹومووا کے خلاف میچ جسمانی مسائل کے باعث ریٹائر ہو کر ادھورا چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ ٹومووا نے پہلا سیٹ ٹائی بریکر پر جیتا اور دوسرے سیٹ کی شروعات میں ہی برتری حاصل کر لی تھی، جس پر جیبور مزید کھیلنے سے قاصر رہیں۔

دورانِ میچ، اونس جیبور گرمی سے بے حال دکھائی دیں اور انہوں نے پہلے سیٹ کے دوران طویل میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا، تاہم مکمل بحالی ممکن نہ ہو سکی۔

مینز سنگلز میں بھی ایک بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا جہاں روس کے ڈینئیل میڈویڈوف، جو کہ دو بار کے سیمی فائنلسٹ رہ چکے ہیں، پہلے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ انہیں فرانس کے بینجمن بونزی نے حیران کن شکست دی۔ میچ کے بعد میڈویڈوف غصے میں ریکٹ اپنے سامان کی طرف اچھال بیٹھے۔

یہ بونزی کے کیریئر کی کسی بھی ٹاپ 10 کھلاڑی کے خلاف پہلی فتح تھی۔

ادھر برطانیہ کے 21 سالہ اولیور ٹریوٹ نے بھی سب کو حیران کر دیا۔ 733ویں رینکنگ کے حامل کھلاڑی نے کوالیفائنگ کے تینوں راؤنڈز جیت کر مین ڈرا میں جگہ بنائی اور پھر سوئٹزرلینڈ کے لیانڈرو رائیڈی کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ وہ 2017 کے بعد ومبلڈن کے مین ڈرا میں جگہ بنانے والے پہلے انگلش کوالیفائر بنے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن کارلوس ایلکاریز سے ہوگا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button