پاک-بھارت کشیدگی کے باعث جونیئر ہاکی ورلڈکپ کا شیڈول موخر، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں ہوگا
لاہور/نیودہلی (اسپورٹس ڈیسک) — پاک بھارت کشیدگی کے اثرات بین الاقوامی کھیلوں پر بھی پڑنے لگے، ہندوستان کی میزبانی میں رواں سال ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ 2025 کے شیڈول کا اعلان فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ایونٹ کی تاریخوں اور میچ شیڈول کے اعلان کو فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور نئی تاریخوں کا اعلان "جلد” متوقع ہے۔
یاد رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈکپ 28 نومبر سے 10 دسمبر کے درمیان بھارتی شہروں چنئی اور مادورائے میں طے تھا۔ تاہم موجودہ حالات میں اس شیڈول پر عملدرآمد غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گیا ہے۔
ورلڈکپ کے لیے 24 ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے، جن میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جرمنی، انگلینڈ، نیدرلینڈز، ارجنٹائن، فرانس، بیلجیم، اسپین، چین، جاپان، ملائیشیا، بنگلادیش، آئرلینڈ، آسٹریا، سوئٹزرلینڈ، کینیڈا، چلی، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، نمیبیا، مصر اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔
اسپورٹس تجزیہ کاروں کے مطابق فیڈریشن کی جانب سے شیڈول موخر کرنا ایک احتیاطی قدم ہے تاکہ ٹیموں، منتظمین اور شائقین کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ فی الحال تمام ٹیمیں آئندہ اعلان کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تمام رکن ممالک کی مشاورت سے حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے جلد نئی تاریخوں اور مکمل شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔






