لارڈز، لندن – پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی خوبصورت کور ڈرائیو ایک بار پھر عالمی سطح پر موضوعِ بحث بن گئی، اس بار آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے دوران۔
لارڈز کے تاریخی میدان میں جاری ہائی پروفائل ٹیسٹ فائنل میں جب آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں، تو مقابلہ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا تھا۔ اسی دوران، مشہور انگلش کمنٹیٹر اور سابق کپتان ناصر حسین نے بابر اعظم کی کور ڈرائیو کو ایک بار پھر سراہا۔
ناصر حسین نے جنوبی افریقی بلے باز ریان رکلٹن اور آسٹریلیا کے مارنس لیبوشین کی تکنیکی خامیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:
"دونوں کھلاڑی کور ڈرائیو کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے، جبکہ یہی شاٹ اگر تکنیکی طور پر درست انداز میں کھیلی جائے تو یہ آنکھوں کو سکون دیتی ہے، جیسے کہ ویرات کوہلی یا بابر اعظم کی کور ڈرائیو۔”
ناصر حسین نے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما کی تکنیک کو درست قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی ہینڈ-آئی کوآرڈینیشن مثال کے قابل تھی، جو لیبوشین اور رکلٹن میں نظر نہیں آئی۔
یاد رہے کہ ناصر حسین ماضی میں بھی بابر اعظم کے اسٹائل اور بیٹنگ ٹیکنیک کے معترف رہے ہیں۔ سال 2022 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ:
"اگر بچوں کو کور ڈرائیو سکھانی ہو تو میں بابر اعظم کی ویڈیو دکھاؤں گا۔”
یہ اعتراف ایک بار پھر بابر اعظم کی بین الاقوامی سطح پر بیٹنگ مہارت اور اسٹائل کی گواہی ہے، جو نہ صرف پاکستانی بلکہ عالمی شائقینِ کرکٹ کے لیے بھی متاثرکن ہے۔






