کرکٹکھیل

پال اسٹرلنگ کا شاندار کارنامہ، ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں 10 ہزار رنز مکمل، آئرلینڈ کی تاریخی فتح

ڈبلن: آئرلینڈ کے کرکٹ کپتان پال اسٹرلنگ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے آئرش بیٹر بن گئے ہیں۔

ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 124 رنز سے شکست دے کر نہ صرف سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی بلکہ شائقینِ کرکٹ کو ایک یادگار لمحہ بھی دیا۔

آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے۔ اینڈریو بالبرنی نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 112 رنز بنائے، ہیری ٹیکٹر نے 56 جبکہ کپتان پال اسٹرلنگ نے 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 35ویں اوور میں صرف 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آئرلینڈ کی شاندار باؤلنگ نے ویسٹ انڈیز کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

پال اسٹرلنگ کی اننگز نے انہیں آئرلینڈ کے پہلے بیٹر کے طور پر بین الاقوامی کرکٹ میں 10,000 رنز کا سنگِ میل عبور کرانے کا اعزاز دلایا۔ انہوں نے یہ رنز تینوں فارمیٹس میں بنائے:

ٹی20 انٹرنیشنلز: 3656 رنز

ٹیسٹ کرکٹ: 382 رنز

ون ڈے انٹرنیشنلز: 5979 رنز

مجموعی رنز: 10,017

یہ کامیابی نہ صرف اسٹرلنگ کی مستقل مزاجی اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ آئرلینڈ کرکٹ کے لیے بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔

ادھر آئرلینڈ کی اس جیت نے ویسٹ انڈیز کے ورلڈکپ 2027 میں براہِ راست کوالیفائی کرنے کے امکانات کو سخت دھچکا پہنچایا ہے۔ سیریز میں برتری حاصل کرنے کے بعد آئرلینڈ کو اب تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع حاصل ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button