کرکٹکھیل

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شاندار فتح، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے شکست، اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا

راولپنڈی (اسپورٹس رپورٹر) – پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست پوزیشن حاصل کی بلکہ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی اسکورنگ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 263 رنز کا بڑا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 154 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

رائیلی روسو اور حسن نواز کی شاندار سنچریوں نے گلیڈی ایٹرز کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ روسو نے 44 گیندوں پر 104 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ حسن نواز نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز اسکور کیے۔ دونوں بیٹرز نے 134 رنز کی شراکت قائم کی۔

گیند بازی میں بھی کوئٹہ کے بولرز چھا گئے۔ محمد عامر نے 3، جبکہ محمد وسیم اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد کے صرف 4 بیٹرز ہی ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے، جن میں عماد وسیم 56، بین ڈوارشوئس 31 اور محمد شہزاد 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی، جبکہ کوئٹہ کی کمان سعود شکیل کے ہاتھ میں تھی۔

اس فتح کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے 10 مئی کو کراچی کنگز کے خلاف میچ میں فتح حاصل کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

کوئٹہ کی ٹیم نے اپنے گزشتہ پانچ میچز میں سے چار جیتے اور ایک بارش کی نذر ہوا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو مسلسل تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button