ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی اہلیہ اور معروف اسپورٹس اینکر سنجنا گنیشن نے سوشل میڈیا پر اپنے ڈیڑھ سالہ بیٹے انگد پر ہونے والی بےرحمانہ تنقید کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے صارفین کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
آئی پی ایل کے حالیہ میچ میں ممبئی انڈینز کی فتح کے ساتھ جہاں بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلائی، وہیں سوشل میڈیا پر ان کے ننھے بیٹے انگد کو لے کر کی جانے والی غیر ذمہ دارانہ پوسٹس نے سنجنا کو مجبور کر دیا کہ وہ عوامی سطح پر اس رویے کے خلاف بولیں۔
سنجنا نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ ’’ہمارا بیٹا آپ کی تفریح کا ذریعہ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ صرف چند سیکنڈز کی ویڈیو فوٹیج کو بنیاد بنا کر ایک معصوم بچے کے جذبات اور صحت پر غیر ضروری تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے ذہنی صحت سے متعلق حساس اصطلاحات، جیسے "ڈپریشن کا مریض”، جیسے الفاظ ایک معصوم بچے کے لیے استعمال کیے۔ سنجنا نے کہا کہ اس طرح کے تبصرے معاشرتی گراوٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
انہوں نے اس بات کی وضاحت بھی کی کہ وہ اور جسپریت اپنے بیٹے کو سوشل میڈیا کی تلخیوں سے دور رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں، اور کرکٹ اسٹیڈیم میں انگد کی موجودگی صرف شوہر کی حوصلہ افزائی کے لیے ہوتی ہے، کسی پبلسٹی یا تفریح کا ذریعہ بننے کے لیے نہیں۔
جہاں ایک طرف بمراہ کے اہل خانہ کو ذاتی طور پر اس صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، وہیں میدان میں بمراہ نے اپنے جوہر دکھاتے ہوئے لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو 54 رنز سے فتح دلائی۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ وہ ممبئی انڈینز کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بن گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جسپریت بمراہ اور سنجنا گنیشن کی شادی مارچ 2021 میں ہوئی تھی، جب کہ ستمبر 2023 میں ان کے ہاں بیٹے انگد کی پیدائش ہوئی۔ یہ جوڑا کرکٹ شائقین میں خاصی مقبولیت رکھتا ہے، اور اس طرح کا جذباتی ردعمل مداحوں کے لیے بھی باعثِ احترام ہے۔






