لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لیے اپنی نئی کٹ کی نقاب کشائی کر دی ہے۔
اتوار کو ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، سکندر رضا، فخر زمان، آصف علی اور دیگر کھلاڑیوں کو نئی جرسی میں متعارف کرایا گیا۔ اس سال بھی روایتی جرسی کا رنگ برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ہوم اور اوے میچز کے لیے مختلف رنگ متعارف کرائے گئے ہیں۔
اسی دن لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ’قلندر نائٹ‘ کا انعقاد کیا گیا جہاں نئی کٹ کے ساتھ ٹیم کا آفیشل ترانہ بھی لانچ کیا گیا۔ تقریب میں معروف گلوکاروں کی پرفارمنس، لیزر شو اور کپتان شاہین شاہ آفریدی کی سالگرہ کا کیک بھی پیش کیا گیا۔
پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔





