سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے گرل فرینڈ سوفی شائن سے منگنی کا اعلان کر دیا
نئی دہلی: سابق بھارتی اوپننگ بلے باز شیکھر دھون نے اپنی گرل فرینڈ سوفی شائن کے ساتھ باضابطہ منگنی کا اعلان کر دیا ہے۔
شیکھر دھون نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی منگنی کی خوشخبری دی، جبکہ سوفی شائن نے بھی دھون کے ساتھ تصویر شیئر کی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ دونوں نے اپنے تعلق کو اگلے مرحلے تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شیکھر دھون نے لکھا:
“مشترکہ مسکراہٹوں سے مشترکہ خوابوں تک، ہماری منگنی پر محبت، دعاؤں اور نیک تمناؤں کا بہت شکریہ۔ ہم نے ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ چلنے کا انتخاب کر لیا ہے۔”
رپورٹس کے مطابق شیکھر دھون اور سوفی شائن کافی عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں ہیں اور گزشتہ سال ہی انہوں نے اپنے رشتے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔ دونوں کو دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے ایک میچ کے دوران بھی ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ جوڑا ممکنہ طور پر فروری 2026 میں شادی کے بندھن میں بندھ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شیکھر دھون نے اکتوبر 2023 میں اپنی سابق اہلیہ عائشہ مکھرجی سے طلاق لی تھی، جس کے بعد انہوں نے دو برس تک اپنے بیٹے سے ملاقات نہ ہونے کا ذکر بھی کیا تھا۔






