سڈنی: آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر ایلیسا ہیلی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق 35 سالہ ایلیسا ہیلی بھارت کے خلاف آنے والی سیریز کے بعد کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو جائیں گی۔
ایلیسا ہیلی نے 2010 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 295 انٹرنیشنل میچز میں 7 ہزار سے زائد رنز اسکور کیے جبکہ وکٹوں کے پیچھے 275 آؤٹس کیے۔ وہ 2023 میں آسٹریلوی ویمن ٹیم کی فل ٹائم کپتان مقرر ہوئی تھیں اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران 8 آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹلز کا حصہ رہیں۔
ایلیسا ہیلی آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی اہلیہ بھی ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان پر ایلیسا ہیلی نے کہا کہ وہ ملے جلے جذبات کے ساتھ بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ لے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب بھی آسٹریلیا کے لیے کھیلنے کا جذبہ رکھتی ہیں، تاہم مقابلے کی وہ شدت شاید اب باقی نہیں رہی، اسی لیے یہ ریٹائرمنٹ کے لیے مناسب وقت ہے۔
ایلیسا ہیلی نے واضح کیا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گی، تاہم ہوم گراؤنڈز پر بھارت کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلیں گی۔






