ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے حتمی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان ایک سے دو روز میں متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی سلیکشن کا حتمی فیصلہ کپتان سلمان آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد قومی ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی، جبکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت غیر ملکی کوچنگ اسٹاف بھی لاہور آئے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالصمد، وسیم جونیئر اور خواجہ نافع کے لیے ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل دکھائی دیتا ہے، جبکہ دورۂ سری لنکا سے ڈراپ کیے گئے کھلاڑیوں کو ریزرو فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد حتمی اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ میگا ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 جنوری سے شروع ہوگا۔
پی سی بی حکام کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے مضبوط اور متوازن اسکواڈ کی تشکیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ٹیم عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکے۔






