وسیم احمد کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے بھارت جانے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان نے متبادل تجویز پیش کر دی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان نے بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اگر سری لنکا کے وینیوز میچز کی میزبانی کے لیے تیار نہیں ہوتے تو پاکستان اس ذمہ داری کو سنبھالنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ میچز کے لیے بھارت جانے سے انکار کرتے ہوئے ٹیم کی سکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسی تناظر میں میچز کی ممکنہ منتقلی پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس کے تمام وینیوز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ تاہم بنگلہ دیش کے میچز کی منتقلی سے متعلق حتمی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو کرنا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد ورلڈ کپ کے شیڈول اور وینیوز میں ممکنہ تبدیلیوں کے حوالے سے کرکٹ حلقوں میں خاصی گہماگہمی پائی جا رہی ہے۔






