پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیموں کی شمولیت کے بعد دونوں شہروں کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شائقینِ کرکٹ نے اس فیصلے کو لیگ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا ہے۔
حیدرآباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کی نمائندگی پی ایس ایل میں ہونا باعثِ فخر ہے اور اس سے لیگ دیکھنے کا مزہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گا۔ ایک شہری نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد کی ٹیم کے ذریعے نئے اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جو مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔
دوسری جانب سیالکوٹ کے عوام بھی اپنی ٹیم کے اعلان پر نہایت خوش دکھائی دیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کریں گے اور اس سے سیالکوٹ کا نام مزید روشن ہوگا۔ ایک شائق نے کہا کہ سیالکوٹ پہلے ہی کھیلوں کے سامان کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے، اب کرکٹ ٹیم کے ذریعے بھی شہر کی شناخت مزید مضبوط ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ساتویں ٹیم ایف کے ایس نے 175 کروڑ روپے میں خریدی، جس کا نام حیدرآباد رکھا گیا ہے، جبکہ آٹھویں ٹیم او زی ڈویلپرز نے 185 کروڑ روپے میں حاصل کی، جس کی نمائندگی سیالکوٹ کرے گی۔
نئی ٹیموں کی شمولیت سے پی ایس ایل نہ صرف مزید وسعت اختیار کرے گی بلکہ شائقین کے لیے مقابلے بھی مزید دلچسپ ہو جائیں گے۔






