پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں مکمل ہوگیا۔ ساتویں فرنچائز ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے میں حاصل کرلی جبکہ آٹھویں فرنچائز اوزیڈ ڈیولپرز نے ریکارڈ 185 کروڑ روپے میں خرید کر لیگ کی مہنگی ترین ٹیم بنالی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دو نئی فرنچائزز کی شمولیت کے لیے ہونے والی بولی میں ابتدائی طور پر 10 گروپس نے شرکت کی، تاہم علی ترین گروپ عین وقت پر نیلامی سے دستبردار ہوگیا، جس کے بعد 9 گروپس نیلامی میں شریک رہے۔
ساتویں فرنچائز کی نیلامی کے لیے ابتدائی قیمت ایک ارب 10 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی۔ آئی ٹو سی گروپ نے ایک ارب 55 کروڑ روپے کی بولی دی، جبکہ پرزم گروپ نے وقفے کے بعد مزید بولی بڑھانے سے معذرت کرلی۔ ایف کے ایس گروپ نے بولی میں 13 کروڑ روپے کا اضافہ کرتے ہوئے رقم ایک ارب 68 کروڑ تک پہنچائی۔ بعد ازاں آئی ٹو سی نے ایک ارب 70 کروڑ روپے کی پیشکش کی، تاہم ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی حتمی بولی لگا کر ساتویں فرنچائز اپنے نام کرلی اور ٹیم کا نام حیدرآباد رکھنے کا اعلان کیا۔
آٹھویں فرنچائز کی نیلامی کے لیے بس پرائس 170 کروڑ روپے رکھی گئی۔ آئی ٹو سی گروپ نے 172 کروڑ روپے کی ابتدائی بولی دی جس کے جواب میں ایم نیکسٹ گروپ نے 173 کروڑ روپے کی پیشکش کی۔ وقفوں اور مسلسل بولیوں کے بعد اوزیڈ ڈیولپرز اور آئی ٹو سی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ آخرکار اوزیڈ ڈیولپرز نے 185 کروڑ روپے کی ریکارڈ بولی لگا کر پی ایس ایل کی آٹھویں فرنچائز حاصل کرلی۔ اوزیڈ ڈیولپرز نے ٹیم کا نام سیالکوٹ رکھنے کا اعلان کیا۔
اوزیڈ ڈیولپرز کے حمزہ مجید نے کہا کہ ٹیم خریدنے کی منصوبہ بندی پہلے سے موجود تھی، بجٹ میں کچھ اضافہ ہوا لیکن مقصد کامیابی حاصل کرنا تھا۔
تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی نے اوزیڈ ڈیولپرز کے حمزہ مجید کو آٹھویں ٹیم کی علامتی چابی بھی پیش کی۔ پی سی بی کے مطابق ساتویں اور آٹھویں فرنچائزز کو 10 سالہ معاہدے کے تحت نیلام کیا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ٹیمیں سالانہ فیس ادا کر کے معاہدے کی تجدید کریں گی، جبکہ سالانہ فیس بالترتیب 175 کروڑ اور 185 کروڑ روپے ہوگی۔






