کھیل

ساحلِ سی ویو پر عالمی معیار کی کراچی میراتھن ریس کا انعقاد، 25 ممالک سے 7 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت

کراچی: شہرِ قائد کے ساحلِ سمندر سی ویو پر عالمی معیار کی کراچی میراتھن ریس کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا کے 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس رنگا رنگ اسپورٹس ایونٹ نے کراچی کو صحت، جوش اور جذبے کا مرکز بنا دیا۔

میراتھن ریس میں مردوں، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا، جبکہ مختلف عمر کے افراد کی شمولیت نے ایونٹ کو مزید منفرد بنا دیا۔ شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ مختلف کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

منتظمین کے مطابق کراچی میراتھن کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا جن میں فل میراتھن 42 کلومیٹر، ہاف میراتھن 21 کلومیٹر، 10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑ شامل تھی۔ پہلے مرحلے میں 42 اور 21 کلومیٹر کی ریس منعقد کی گئی جبکہ دوسرے مرحلے میں 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑ کرائی گئی۔

میراتھن کا آغاز ساحلِ سی ویو پر واقع نشانِ پاکستان سے ہوا اور اختتام بھی اسی مقام پر ہوا۔ ریس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شرکاء کی سہولت کے لیے طبی امداد، ریفریشمنٹ پوائنٹس اور رضاکاروں کی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ کراچی میراتھن ریس کا بنیادی مقصد عوام میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا، جسمانی سرگرمی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور مثبت سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

شہریوں نے اس کامیاب اسپورٹس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button