پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان اس وقت آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں مصروف ہیں، اور گزشتہ روز میلبرن رینیگیڈز کی جانب سے محمد رضوان اور سڈنی سکسرز کی جانب سے بابر اعظم ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔
بابر اعظم نے اس میچ میں ناقابل شکست 58 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سڈنی سکسرز کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ان کی شاندار بیٹنگ نے نہ صرف ٹیم کو کامیابی دلائی بلکہ شائقین کو بھی محظوظ کیا۔
میچ کے بعد سڈنی سکسرز کے کپتان موئسس ہینرکس سے پریزینٹر نے کہا کہ آج جو 27 ہزار افراد میچ دیکھنے آئے، ان میں سے زیادہ تر صرف بابر اعظم کو کھیلتے دیکھنے آئے تھے، حالانکہ یہ سڈنی سکسرز کا ہوم گیم نہیں تھا۔
موئسس ہینرکس نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شاندار تجربہ ہے کیونکہ بابر اعظم ایک بہت بہترین انسان ہیں اور عالمی کرکٹ میں انہوں نے بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابر کے ساتھ کرکٹ پر بات کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔
ہینرکس نے کہا، "جب بابر نے ففٹی اسکور کی تو شائقین خوشی سے جھوم اٹھے، اور یہ ہمارا ہوم گیم بھی نہیں تھا۔” اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بابر کے فینز کے لیے ایک پورا اسٹینڈ مختص کیا گیا ہے۔ موئسس ہینرکس نے مزاحیہ انداز میں کہا، "مجھے لگتا ہے کہ بابر اعظم کے فینز کی تعداد سڈنی سکسرز کے فینز سے بھی زیادہ ہے۔”
انہوں نے مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ بابر کے کچھ فینز سڈنی سکسرز کے فینز بننے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
بابر اعظم کی عالمی سطح پر مقبولیت اور ان کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ شخصیت کی قدر کا یہ ایک اور شاندار مظہر تھا جس نے نہ صرف اپنے کرکٹ کی میدان میں بلکہ دلوں میں بھی ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔






