سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیمین مارٹن کو گردن توڑ بخار کی وجہ سے برسبین کے اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت کوما کی حالت میں ہیں۔ 1999 اور 2003 کے ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہنے والے 54 سالہ مارٹن کرسمس ڈے کے موقع پر شدید بیمار ہونے کی وجہ سے گر پڑے تھے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ڈیمین مارٹن کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اسپتال میں طبی امداد حاصل کر رہے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز نے ان کی اچانک بیماری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے کہا کہ "ڈیمین مارٹن کی بیماری کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا ہے اور ہم ان کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہیں۔”
سابق وکٹ کیپر بیٹر ایڈم گلکرسٹ نے بھی ڈیمین مارٹن کی حالت پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ "ڈیمین مارٹن کا برسبین کے اسپتال میں بہترین علاج جاری ہے، اور ہم سب ان کے لیے دعا گو ہیں۔”
ڈیمین مارٹن نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 67 ٹیسٹ، 208 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ ان کی کرکٹ دنیا میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور اس وقت ان کے مداحوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہوں۔





