پرو ہاکی لیگ بھی قومی کھلاڑیوں کی قسمت نہ بدل سکی، ڈیلی الاؤنس کی ادائیگیاں تاحال معطل
پرو ہاکی لیگ کے انعقاد کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مالی مسائل حل نہ ہو سکے، کھلاڑی بدستور اپنے ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی کے منتظر ہیں۔
ذرائع کے مطابق متعدد قومی کھلاڑیوں نے روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ادھار لینے پر مجبور ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ متاثرہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ پرو ہاکی لیگ کے بعد ڈیلی الاؤنسز کے معاملات حل ہو جائیں گے۔
کھلاڑیوں کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز اتنے ہیں کہ ڈیلی الاؤنس کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی، تاہم عملی طور پر صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بتایا کہ نومبر میں ہونے والے دورۂ بنگلادیش کے کیمپ کی ڈومیسٹک ڈیلی اور بنگلادیش میں انٹرنیشنل ڈیلی تاحال ادا نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ پرو ہاکی لیگ کے کیمپ کی ڈومیسٹک ڈیلی اور دورے کی انٹرنیشنل ڈیلی بھی واجب الادا ہے۔
کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فیڈریشن فوری طور پر واجبات کی ادائیگی یقینی بنائے تاکہ کھلاڑی مالی دباؤ سے نکل کر اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کر سکیں۔





