پاکستان نے یو ایس اوپن اور برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپس سے دستبرداری کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یو ایس اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2025 اور صد سالہ برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2026 سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ عالمی مقابلوں کے منتظمین کے کھلاڑیوں کی عمر کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یو ایس اوپن جونیئر چیمپئن شپ 20 سے 23 دسمبر 2025 تک امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ہونی تھی، جبکہ برٹش اوپن جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2 سے 6 جنوری 2026 تک برمنگھم میں کھیلی جائے گی۔
پاکستانی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلی کے بعد اسکواش فیڈریشن نے احتجاج کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وہ دونوں عالمی مقابلوں میں شرکت نہیں کریں گے۔ منتظمین نے مختلف کھلاڑیوں کی عمر کی بنیاد پر درج ذیل تبدیلیاں کی تھیں:
راحیل وکٹر: بوائز انڈر 19 سے انڈر 13
محمد علی راجاس: انڈر 13 سے انڈر 15
نعمان خان اور احمد ریان خان: انڈر 15 سے انڈر 17
اذان علی خان، محمد عمیر عارف اور عبید اللہ: انڈر 17 سے انڈر 19
ماہنور علی: گرلز انڈر 13 سے گرلز انڈر 15
دیگر جونیئر کھلاڑیوں جیسے عبداللہ نواز اور محمد یحیی خان کی کیٹیگریز بھی تبدیل کی گئیں
ذرائع کے مطابق بیشتر پاکستانی کھلاڑی یو ایس اوپن جونیئر میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ چکے تھے اور بھرپور پریکٹس کر رہے تھے، جبکہ دیگر کھلاڑی جمعرات کو امریکا روانہ ہونے والے تھے۔ منتظمین کے فیصلے سے پاکستان اسکواش کے حلقوں میں سخت تشویش پھیل گئی ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس اوپن جونیئر اور صد سالہ برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے گزشتہ برس بہترین نتائج حاصل کیے تھے اور اس سال بھی توقع کی جا رہی تھی کہ وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔






