کرکٹکھیل

انڈر 19 ایشیا کپ، پاکستان آج یو اے ای کو تختہ مشق بنائے گا

دبئی: انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان منگل کے روز یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گا، جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، افغانستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ایشیا کپ کے سنسنی خیز مقابلے متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں۔ بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم منگل کو یو اے ای کے خلاف ایکشن میں نظر آئے گی۔ ادھر بھارتی ٹیم (بلو شرٹس) کا سامنا ملائیشیا سے ہوگا۔

گزشتہ روز گروپ بی کے آٹھویں میچ میں بنگلہ دیش نے نیپال کو شکست دی۔ نیپالی ٹیم 31.1 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں نیپال کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی۔ اوپنر ساحل پٹیل نے 18 اور نراج کمار یادو نے 14 رنز بنائے، جبکہ مڈل آرڈر میں ابھیشیک تیواری 30 اور وکٹ کیپر آشش لوہار 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محمد صبوج نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، سعد اسلام، عزیز الحکیم اور شہریار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ زواد ابرار نے 68 گیندوں پر ناقابلِ شکست 70 رنز بنائے، جبکہ کلام صدیقی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے 24.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

دوسرے میچ میں سری لنکا کے خلاف افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 235 رنز بنائے۔ عثمان سادات 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عزیز اللہ نے 31، نورستان عمرزئی 29، جبکہ کپتان محبوب خان اور عزیر اللہ نے 25، 25 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے سیتمیکا اور ڈلنتھ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل ہدف حاصل کر لیا۔ ویرن چمودیتا نے 62 رنز بنائے، چمیکا 51 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کویجہ گاما جی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے نورستان عمرزئی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید دکھائیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button