آسٹریلیا: پاکستان کے اسٹار کرکٹرز بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 15ویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔
لیگ کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر سے ہوگا، جس میں بابر اعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی برسبین ہیٹ کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
دونوں فرنچائزز نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کھلاڑیوں کی آسٹریلیا آمد کی تصدیق کرتے ہوئے تصاویر اور پیغامات شیئر کیے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی، جو بی بی ایل 15 کے نمبر ون ڈرافٹ پک تھے، سب سے پہلے برسبین پہنچے۔
برسبین ہیٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر شاہین کی تصاویر کے ساتھ لکھا:
"نمبر ون ڈرافٹ پک برسبین پہنچ گئے ہیں۔”
بابر اعظم کی آمد پر بھی سڈنی سکسرز نے اپنے آفیشل اکاؤنٹس پر خوش آمدیدی پیغام جاری کیا، جس کے بعد شائقین کرکٹ ان دونوں پاکستانی اسٹارز کی بی بی ایل میں شاندار کارکردگی کے منتظر ہیں۔






